داعش مخالف اتحاد میں شامل ممالک اپنے قیدی جنگجوؤں کو واپس لیں: مائیک پومپیو
امریکا سخت گیر جنگجو گروپ کے خلاف لڑائی جاری رکھے گا: واشنگٹن میں اتحاد کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے داعش مخالف اتحاد میں شامل ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ زیرحراست انتہا پسندوں کو واپس لیں اور عراق اور شام میں ڈھانچے کی بحالی کے لیے اپنی مالی امداد میں اضافہ کریں۔
وہ واشنگٹن میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف عراق اور شام میں نبرد آزما بین الاقوامی اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے اپنی تقریر میں داعش کے عراق اور شام سے باہر بڑھتے ہوئے خطرات کا حوالہ دیا ہے اور اتحادی ممالک پر زوردیا ہے کہ انھیں مغربی افریقا اور ساحل کے خطے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
مائیک پومپیو نے امریکا کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ کو جاری رکھے گا۔
انھوں نے اجلاس میں شریک اتحادی ممالک کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’’امریکا اتحاد اور دنیا کی اس ناگزیر سکیورٹی کوشش کی قیادت جاری رکھے گا‘‘۔ان کا اشارہ سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف جنگ کی جانب تھا۔