ایرانی نظامِ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں : امریکی سینیٹر
امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی کے اُس بیان کا جواب دیا ہے جو سلامی نے امریکا اور خطے میں اس کے حلیف ممالک کے متعلق دیا تھا۔
منگل کے روز ٹویٹر پر اپنے بیان میں گراہم نے کہا کہ "پاسداران انقلاب کے قائد حسین سلامی کے قول کے برعکس ایرانی عوام کے لیے سب سے بڑا خطرہ امریکی حکومت یا امریکی عوام نہیں بلکہ آیت اللہ کے سلامی جیسے پیروکار ہیں"۔
Contrary to what the Revolutionary Guard leader Hossein Salami says, the biggest threat to the Iranian people is not the American government or American people - it is the Ayatollah’s henchman like Salami.
— Lindsey Graham (@LindseyGrahamSC) November 26, 2019
https://t.co/JdnsyVQ8Q0
آیت اللہ کے الفاظ سے گراہم کا اشارہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جانب تھا۔
امریکی سینیٹر نے مزید کہا "ان لوگوں نے اپنا ملک لوٹا اور ایرانی عوام کے وسائل کو خطے اور دنیا کے تمام علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کے واسطے خرچ کیا ... مجھے یقین ہے کہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں"۔
گراہم نے اپنی ٹویٹ کے اختتام پر کہا کہ "جب اس قاتل نظام حکومت کا سقوط واقع ہو گا تو یہ ایرانی عوام کے لیے ایک عظیم کام ہو گا اور اس سے دنیا ایک بہتر جگہ بن جائے گی"۔
ایرانی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کے لیے 15 نومبر کو ایران کے زیادہ تر صوبوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوئے۔ یہ سلسلہ پانچ روز سے زیادہ جاری رہا اور ملک کے سو شہروں اور قصبوں تک پھیل گیا۔ مظاہرین کے مطالبات نے بھی سیاسی صورت اختیار کر لی اور وہ سینئر عہدے داران کی سبک دوشی پر زور دینے لگے۔
ایرانی اپوزیشن تنظیم مجاہدین خلق نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں بتایا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 450 سے تجاوز کر گئی۔