جاپانی وزیراعظم مشرقِ اوسط میں دفاعی فورسز کی تعیناتی کے منصوبہ پرعمل کے لیے پُرعزم
جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مشرقِ اوسط میں اپنے بحری جہازوں کے تحفظ کے لیے خود حفاظتی دفاعی فورسز کو تعینات کریں گے۔
انھوں نے اپنے اس منصوبہ کا اعادہ امریکا کے فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد کیا ہے۔انھوں نے سوموار کے روز ٹوکیو میں ایک نشری نیوز کانفرنس میں تنازع کے فریق ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی اور مزید تناؤ سے بچنے کے لیے سفارتی کوششیں کریں۔
واضح رہے کہ جاپانی وزیراعظم نے 2019ء کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انھوں نے تب ایک بیان میں جاپان کی ایران کے ساتھ روایتی طویل دوستی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔