.

سعودی عرب:کرونا کے دو نئے کیسوں کی تصدیق اور128 شہریوں کے ایران جانے کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے دو نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مملکت میں اس وائرس کا شکار افراد سات ہوگئی ہے۔یہ تمام افراد حال ہی میں ایران سے لوٹے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس کے جن نئے دو کیسوں کا پتا چلا ہے، یہ دونوں سعودی خواتین ہیں اوران میں ایک بحرین کے راستے ایران سے آئی تھیں اور ایک عراق کے جنوبی شہر نجف سے متحدہ عرب امارات کے راستے سعودی عرب لوٹی ہیں۔

وزارت نے مزید کہا ہے کہ ان دونوں خواتین نے مملکت میں واپسی پر اپنے ایران اور عراق کے سفر کے بارے میں حکام کو مطلع نہیں کیا تھا۔سعودی وزارت صحت نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کے پانچ کیسوں کی اطلاع دی تھی۔

قبل ازیں وزارت صحت نے کہا ہے کہ 128 سعودی شہریوں نے حال ہی میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ایران کا سفر کیا ہے۔ان میں سے 26 شہری مملکت میں واپس آچکے ہیں جبکہ 95 ابھی تک ایران میں ہیں اور باقی سات دوسرے ممالک میں ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایشن نے جمعہ کو ایک بیان میں شہریوں سے کہا تھا کہ اگر انھوں نے گذشتہ 14 روز کے دوران میں ایران کا سفر کیا ہے تو وہ اس کے بارے میں حکام کو مطلع کریں تاکہ حفظ ماتقدم کے طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔

وزارتِ صحت نے حال ہی میں ایران جانے اور اپنے اس سفرکوافشا کرنے والے تمام شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزارت نے ایران کا سفر کرنے والے تمام سعودی شہریوں سے کہا ہے کہ ہفتے کی شب تک اپنے سفر کے بارے میں مطلع کردیں۔

ایران کے محکمہ صحت کے ایک عہدہ دار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کرونا وائرس سے مزید 21 افراد مارے گئے ہیں۔ اس کے بعد ایران میں اس نئے وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔

ان کے علاوہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں مزید ایک ہزار افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اب ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 5823 ہوگئی ہے۔