.

الحرمین الشریفین میں تراویح کی 10 رکعت ادا کی جائیں گی،شاہ سلمان نے منظوری دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران میں نماز تراویح کی بیس کے بجائے دس رکعت ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔

الحرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔

پریزیڈینسی کے صدر ڈاکٹر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے منگل کو یہ اعلان کیا تھا کہ الحرمین الشریفین میں اجتماعی نمازتراویح ادا کی جائے گی مگر دونوں مساجد میں اتھارٹی کے ملازمین اور ورکر ہی نماز تراویح ادا کرسکیں گے۔یہ پانچ تسلیمات تک محدود ہوں گی،دو دو رکعت ادا کی جائیں گی، یعنی صرف دس رکعت نمازادا کی جائیں گی۔

جنرل پریزیڈینسی برائے امور الحرمین الشریفین کے ترجمان ہانی بن حسنی حیدر نے کہا ہے کہ ان کے ادارے نے رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔

اس منصوبہ کے تحت دونوں مساجدمیں عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی،صفائی اور اسپرے کے عمل کو بڑھا دیا جائے گا،نماز جنازہ میں شرکت یا میتیں لانے والوں اور تمام ملازمین کی تھرمل ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

رمضان المبارک کے دوران میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں افطار کی ذمے داری مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے صوبائی حکام کو سونپی گئی ہے۔ وہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے روزے داروں میں افطار کے کھانے تقسیم کریں گے۔

دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔ان میں صرف ضروری ملازمین کو داخلے کی اجازت ہوگی اور پیشگی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے مرمت کا ضروری کام کیا جائے۔

سعودی عرب میں رمضان

سعودی عرب میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کے تحت مساجد میں پنج وقتہ باجماعت نماز پر پابندی عاید ہے۔سعودی عرب کے مفتیِ اعظم نے نماز تراویح اور عیدالفطر کی نماز گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کردہ کرفیو کے اوقات پرنظرثانی کی ہے اور اب شہریوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ضروری کاموں اور ضروریات زندگی کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

سعودی وزارت داخلہ نے منگل کے روز کہا ہے کہ جن شہروں اور علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ نہیں ہے، ان کے مکینوں کو رمضان المبارک میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1147 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق مملکت میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 11631 ہوگئی ہے۔ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس سے 109 اموات ہوئی ہیں۔