سعودی عرب :کرونا وائرس کےکیسوں کی یومیہ تعداد کا نیا ریکارڈ ،4507 کی تشخیص
سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے سوموار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4507 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ یہ مملکت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد کا نیا ریکارڈ ہے۔مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 132048 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کا شکار39 مریض دم توڑ گئے ہیں اوراس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 1011 ہوگئی ہے۔
دارالحکومت الریاض میں گذشتہ 24 گھنٹے میں حالیہ دنوں کے رجحان کے عین مطابق کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ شہر میں 1658 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس کے بعد جدہ میں 413 اور مکہ مکرمہ میں 389 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 3170 مریض تن درست ہوگئے ہیں اور اب شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 87890 ہوگئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (4507) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (39) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (3170) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (87,890) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/UsS010l5Ao
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) June 15, 2020
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ لوگ وزارت صحت کی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے ایسی رہ نما ہدایات کی پاسداری نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبد العالی نے اتوار کو نیوزبریفنگ میں کہا تھا:’’کرونا کے کیسوں کی شرح میں اضافہ اس بات کا غماز ہے کہ بعض شہری اور مکین پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور وہ بڑے اجتماعات میں شرکت سے بھی گریز نہیں کررہے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزارت کے قواعد وضوابط کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو حکام دوبارہ سخت پابندیوں کے نفاذ پر غور کریں گے۔