.

سعودی عرب:ایرانی پاسداران انقلاب کے تربیت یافتہ دہشت گردوں پر مشتمل سیل پکڑا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز نے اسی ماہ مشتبہ دہشت گردوں پر مشتمل ایک سیل کو پکڑ لیا ہے۔اس سیل کے ارکان نے ایران میں سپاہ پاسداران انقلاب سے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔

سعودی عرب کی پریزیڈینسی برائے اسٹیٹ سکیورٹی نے سوموار کے روز اس سیل کے دس مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) نے اسٹیٹ سکیورٹی ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’دہشت گردوں کے اس سیل سے وابستہ تین افراد نے ایران میں عسکری تربیت حاصل کی تھی۔انھوں نے دھماکا خیز مواد تیار کرنے کے مختلف طریقے بھی سیکھے تھے جبکہ باقی مشتبہ افراد اس سیل سے مختلف کرداروں کی حیثیت سے وابستہ تھے۔

سعودی سکیورٹی فورسز نے ایک مکان اور ایک فارم میں چھپایا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ان میں دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی برقی اشیاء کیپسٹرز ، ٹرانسفارفر ،گن پاؤڈر ،کیمیاوی مواد کے علاوہ کلاشنکوف رائفلیں ،بندوقیں ، اسنائپر رائفلیں ،ان کی گولیاں ، مشین گنیں ، فوجی ملبوسات اور وائرلیس کمیونیکشن ڈیوائسز شامل ہیں۔

حکام اب گرفتار کیے گئے ان تمام دس افراد سے تحقیقات کررہے ہیں تاکہ انھیں ان کی مشتبہ سرگرمیوں اور ان سے اندرون اور بیرون ملک روابط رکھنے والے دوسرے افراد کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوسکیں۔تحقیقات کی تکمیل کے بعد ان کا معاملہ دفترِ استغاثہ کو عدالتی کارروائی کے لیے بھیج دیا جائے گا۔