ایرانی فضائیہ کی روسی اور امریکی ساختہ لڑاکا جیٹ اور ڈرونز کے ساتھ سالانہ جنگی مشقیں
ایران کی فضائیہ نے سوموار کو سالانہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔ان جنگی مشقوں میں امریکا اور روس کے ساختہ ازکار رفتہ لڑاکا جیٹ اور ایرانی ساختہ بغیر پائیلٹ ڈرونز اور دوسرے طیارے حصہ لے رہے ہیں۔
ان دو روزہ فوجی مشقوں میں ایران کے آٹھ فضائی اڈوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ایرانی طیارے دوران پرواز میزائل چلانے اور فضا میں ایندھن بھرنے کے تجربات بھی کررہے ہیں۔
اکتوبر میں اقوام متحدہ کی اسلحہ کی خریدوفروخت پر عاید پابندی کے خاتمے کے بعد ایران کی یہ دوسری فوجی مشقیں ہیں۔ایران اس پابندی کے تحت دوسرے ممالک سے ٹینک اور لڑاکا جیٹ خرید نہیں کرسکتا تھا۔
ایران اب دوسرے ممالک سے نئے لڑاکا جیٹ خرید کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس کی فضائیہ اس وقت بھی امریکی ساختہ بہت پرانے ایف 14 ٹام کیٹس کے علاوہ ایف 4 اور ایف 5 لڑاکا جیٹ استعمال کررہی ہے۔ایران نے یہ طیارے 1979ء کے انقلاب سے قبل رضا شاہ پہلوی کے دور میں امریکا سے خریدکیے تھے۔ان کے علاوہ اس کے پاس روسی ساختہ پرانے سخوئی لڑاکا جیٹ ہیں۔