متحدہ عرب امارات :انسداد دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے دفاتر سمیت بعض نئے محکموں کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منی لانڈرنگ کے دفتر سمیت بعض نئے محکموں کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی حکومت نے وفاقی اور مقامی مالیاتی پالیسیوں کے درمیان رابطے کے لیے ایک نئی کونسل تشکیل دی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آلِ مکتوم نے سوموار کو سلسلہ وار ٹویٹس میں ان نئے محکموں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
وہ ایک پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’یو اے ای کی معیشت ایک عالمی معیشت ہے۔اس کی قانون سازی اس عالمی معیشت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔‘‘
واضح رہے کہ یو اے ای کے مرکزی بنک نے ستمبر میں ملک کے بنکوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ منی لانڈرنگ سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز کریں تاکہ مالیاتی جرائم کے خطرات کو کم سے کم کیا جاسکے اور مالیاتی استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔
شیخ محمد نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ملک نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے نئے ماحولیاتی اہداف مقرر کیے ہیں۔‘‘
اس کے علاوہ حکومت نے یو اے ای کے ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور تاریخی جگہوں کی کھدائی کے لیے لوگوں کی تربیت کی غرض سے ایک انتظامی قاعدے کی بھی منظوری دی ہے۔