.

رمضان کی آمد کے ساتھ سعودی عرب کے وسیع حصے میں بارشیں متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

موسم کی صورت حال سے آگاہ کرنے والی ویب سائٹ "طقس العرب" نے مملکت سعودی عرب کے وسیع حصے میں بارش ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ کئی روز بلکہ شائد کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

مذکورہ ویب سائٹ کے مطابق رمضان مبارک کے پہلے ہفتے کے دوران میں موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔ بارشیں مملکت کے جنوب مغربی اور مغربی حصوں میں بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی۔ ان میں جازان، عسیر، الباحہ، طائف اور مکہ مکرمہ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ موسم کی غیر مستحکم صورت حال آئندہ ہفتے کے اختتام پر ریاض اور قصیم کے صوبوں میں بھی سامنے آئے گی۔

ویب سائٹ کا مزید کہنا ہے کہ درمیانی اور موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں وادیوں میں سیلابی صورت حال سامنے آ سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ریت اور گرد کی آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

موسم کی اس غیر معمولی صورت حال کی وجہ بحر عرب کے پانی کے اوپر فضائی ارتفاع کی موجودگی ہے۔ اس طرح بحر عرب سے سعودی عرب کے جنوب مغربی، مغربی اور وسطی علاقوں کی جانب درمیانے اور بلند فضائی درجوں میں نمی آئے گی۔