سعودی عرب اوریو اے ای رمضان میں مہاجرین کے لیے عطیات دینے کی مہم میں سب سے آگے
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شہریوں اور مکینوں نے رمضان المبارک کے دوران میں اب تک دنیا بھر میں دربدرافراد اور مہاجرین کے لیے سب سے زیادہ رقوم جمع کی ہیں۔
اقوام متحدہ کے تحت پناہ گزینوں کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) گذشتہ تین سال سے رمضان میں مہاجرین کی امداد ، آبادکاری اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیےعطیات کی اپیل کررہا ہے۔اس مرتبہ اس نے کووِڈ-19 سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں مہاجرین اور اندرون ملک دربدرافراد کی بحالی اورامداد کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مینا کے خطے میں نجی شعبے کی شراکت داری کے سربراہ حسام شاہین نے بتایا ہے کہ ’’خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے مکینوں نے دل کھول کر عطیات دیے ہیں۔عطیات جمع کرنے کی اس مہم میں زکوٰۃ اور صدقات بھی وصول کیے جارہے ہیں تاکہ جنگ زدہ شام ،عراق ، یمن ، افغانستان ،نائجیریا ،ساحل کے خطے کے ممالک،پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام ہوسکے، انھیں خوراک ، پینے کے صاف پینےاور ماہانہ نقد رقوم مہیا کی جاسکے۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ ’’اب تک یواین ایچ سی آر کے زکوٰۃ فنڈ میں یو اے ای کے لوگوں نے سب سے زیادہ عطیات جمع کرائے ہیں۔ان کے بعد سعودی عرب کا نمبر ہے۔اس سے ان کی مہاجرین کے لیے ہمدردی اور غم گساری کا اظہار ہوتا ہے۔
حسام شاہین کا کہنا تھا کہ ’’کووِڈ-19 کی وَبا نے دنیا میں ایک نئی ہنگامی صورت حال پیدا کردی ہے اور پناہ گزین اور مہاجرین کے لیے گوناگوں مسائل پیدا کردیے ہیں۔وہ پہلے ہی غربت ، خوراک کے عدم تحفظ ، امتیازی سلوک اور سرحدوں کی بندش، جنسی استحصال اورزندگی کی گزربسر کے لیے درکار وسائل تک رسائی نہ ہونے ایسے مسائل سے دوچار ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ کووِڈ-19 کے نتیجے میں کسادبازاری سے 8 کروڑ 80 لاکھ سے ساڑھے 11 کروڑ تک افراد انتہائی غربت کا شکار ہوسکتے ہیں۔
2020ء میں اقوام متحدہ کی اس ایجنسی نے 13 ممالک میں خیمہ بستیوں یا عام آبادیوں میں رہنے والے 21 لاکھ مہاجرین کو زکوٰۃ اور صدقات کی مد میں جمع ہونے والے عطیات سے امداد مہیا کی تھی۔ان کے لیےخوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کا بندوبست کیا تھا۔
اس مرتبہ ادارے نے’’زکوٰۃ دیجیے‘‘کے عنوان سے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی ہے۔اس کے علاوہ اس ویب سائٹ پر بھی زکوٰۃ اور عطیات دیے جاسکتے ہیں: zakat.unhcr.org