.

سعودی عرب:الجوف میں کووِڈ-19 کے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی پرآٹھ افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے شہر الجوف میں پولیس نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کی اطلاع کے مطابق ان میں سے بعض افراد کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت ہونے کے باوجود قرنطین میں نہیں تھے اور بعض نے بیرون ملک سے مملکت میں واپسی پر تنہائی اختیار نہیں کی تھی اور وہ دوسرے افراد کے ساتھ ہی رہ رہے تھے۔

ان افراد کو اب سعودی عرب میں کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے نافذالعمل حفاظتی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کے الزام میں تعزیری سزائیں سنائی جائیں گی۔

ایس پی اے کےمطابق سعودی عرب میں کووِڈ-19 کو پھیلنے سےروکنے کے لیے تنہائی اور قرنطین کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو2لاکھ ریال (53۰32 ہزار ڈالر) تک جرمانہ یا دو سال تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے یا دونوں سزائیں بیک وقت بھی سنائی جاسکتی ہیں۔اگر کوئی فرد کسی خلاف ورزی کا دوبارہ مرتکب ہوگا تواس کو دُگنا سزا سنائی جاسکتی ہے۔

سعودی حکومت کے نافذکردہ قانون کے مطابق اگر کوئی غیرسعودی کروناوائرس کی پابندی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو مذکورہ سزا پوری ہونے کے بعد مملکت سے بے دخل کر دیاجائے گا۔اس سزا کے نافذالعمل ہونے کے بعد اس شخص کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی ہوگی۔

دریں اثناء سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے منگل کے روز کروناوائرس کے 1269 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 16 مریض وفات پا گئے ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک کووِڈ-19 کے 468175 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے۔ان میں سے 450255 مریض تن درست ہوچکے ہیں اور 7606 مریض وفات چاچکے ہیں۔اس وقت مملکت میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 10314 ہے۔ان میں سے 1569 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔