.

بحرین: کووِڈ-19 کی دوا سوترووِمیب کے ہنگامی استعمال کی منظوری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین کی وزارتِ صحت نے کووِڈ-19 کی دوا سوترووِمیب کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت صحت نےجمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’سوتروومیب وی آئی آر-7831 مونوکلونیل قوت مدافعت بناتی ہے،اس کو کووِڈ-19 کی معمولی علامات کے حامل بالغوں اور نوعمروں کے ہنگامی علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا، کیونکہ بہ صورت دیگر کرونا وائرس کا شکار ایسے مریضوں کو حالت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔‘‘

وزارت صحت کے مطابق اس دوا کو اگر بالکل ابتدائی مرحلے میں استعمال کیا جائے تو اس سے ایسے مریضوں کی تعداد میں کمی لائی جاسکتی ہے جنھیں حالت بگڑنے کے بعد اسپتال لے جانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے اور اموات کی شرح میں 85 فی صد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

بحرین کی وزارتِ صحت نے گذشتہ ماہ کووِڈ-19 کےعلاج کے لیے ایک اور دوا ریجن-کوو2 کے ہنگامی استعمال کی بھی منظوری دی تھی۔دوا ساز کمپنیوں ریگنرون فارماسیوٹیکلز اور روش کی تیار کردہ یہ دوا بھی قوت مدافعت پیدا کرتی ہے اور اس کو کرونا وائرس کے معمولی یا معتدل علامات کے حامل مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔