.
یمن اور حوثی

یمن : الحدیدہ کے جنوب میں مشترکہ افواج کے ہاتھوں حوثیوں کا ڈرون طیارہ تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے مغربی ساحل پر تعینات مشترکہ افواج نے منگل کے روز الحدیدہ صوبے کے جنوب میں حوثی ملیشیا کے ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا۔

عسکری ذرائع کے مطابق بموں سے لیس اس ڈرون طیارے نے حیس شہر کے مغرب میں یمنی فوج کے ٹھکانوں پر اڑان کی کوشش کی تاہم فوری طور پر اسے نشانہ بنا لیا گیا۔

مشترکہ افواج کے میڈیا مرکز کی جانب سے ایک وڈیو کلپ بھی جاری کیا گیا جس میں حوثیوں کا مذکورہ ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کے بعد دکھایا گیا ہے۔

ادھر الحدیدہ کے جنوب میں ضلع حیس میں مقامی اور طبی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز حوثی ملیشیا کی فائرنگ سے ایک 23 سالہ نوجوان محمد قائد اس وقت زخمی ہو گیا جب وہ اپنے گھر میں موجود تھا۔

حوثی ملیشیا کی جانب سے الحدیدہ صوبے کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں کے ارتکاب کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ کارستانیاں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی شرم ناک خاموشی کے سائے میں سامنے آ رہی ہیں۔