.

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوہفتے میں مکمل گنجائش کے ساتھ کام شروع کردے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈادوہفتے میں اپنے بند حصوں کو دوبارہ کھول دے گا۔اس طرح وہ کووِڈ-19 کی وَبا کے آغازکے بعد پہلی مرتبہ پوری گنجائش کے ساتھ دوبارہ کام شروع کردے گا۔

الامارات ائیرلائن کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید نے سوموارکودبئی ایئرشو سے دوہفتے قبل ایک پریس بریفنگ میں یہ اعلان کیا ہے۔دبئی فضائی شو14 نومبر کومنعقد ہوگا۔

دبئی کا ہوائی اڈا دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سرفہرست ہے۔دبئی شہر میں سیاحوں کے عروج کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی بین الاقوامی مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ ہورہا ہے۔یہ سیاحتی موسم آیندہ سال مارچ تک جاری رہے گا۔

اس کے علاوہ دبئی ایکسپو2020 اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کررہا ہے، لہٰذا یہ توقع کی جاتی ہے کہ آیندہ دنوں اورمہینوں میں مزید سیاح اورکرکٹ کے کھیل کے شائقین دبئی کا رُخ کریں گے۔

شیخ احمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارت نے کووِڈ-19کی وَبا سے نمٹنے کی مہم میں عوام کی صحت اورفلاح وبہبود کے تحفظ کواولین ترجیح دی ہے اوربحران کے ملکی معیشت پراثرات کو کم سے کم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے یومیہ مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اورحالیہ دنوں میں اوسطاً 70 سے 90 کیس یومیہ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔یو اے ای کی 90 فی صد سے زیادہ آبادی پہلے ہی اس وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگواچکی ہے اور ملک میں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل اقدامات میں بتدریج نرمی کی جارہی ہے۔

سوموار کو یواے ای میں کووِڈ-19 کے 78 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں، پہلے سے اس وائرس کا شکار110 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اورگذشتہ 24 گھنٹے میں کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی۔اس طرح یواے ای میں گذشتہ مسلسل تین روز کے دوران میں کروناوائرس سے کوئی نئی اموات نہیں ہوئی ہیں۔