یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے اعلان کے مطابق صنعاء کے ضلع ازال میں حوثی ملیشیا کا ایک خفیہ ٹھکانہ اور دو پہاڑی غار تباہ کر دیے گئے۔ یہ غار بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کے واسطے بنائے گئے تھے۔
اتحاد کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ٹھکانے پر 4 خفیہ گوداموں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ یہ گودام ڈرون طیاروں کی سرگرمیوں سے متعلق ہیں۔
عرب اتحاد نے واضح کیا کہ اس کی کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت عمل میں آتی ہیں۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ مارب اور الجوف صوبوں میں 24 گھنٹوں کے دوران میں 31 کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں حوثی کمانڈروں سمیت 210 ارکان مارے گئے جب کہ 20 عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔