برازیل کے جنوب مشرق میں واقع آبشار کے نیچے موٹر کشتیوں پرچٹان کی دیوارگرنے سے سات افراد ہلاک اور نو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
برازیلی حکام کے مطابق یہ حادثہ ریاست میناس جیرائس میں واقع کیپٹولیو کی جھیل میں پیش آیا ہے،جہاں چٹان کا ایک پورا ستون اچانک گھاٹی کی دیوارسے ٹوٹ کر گر گیا۔اس کا ملبہ آبشار کے نیچے کئی ایک کشتیوں پر گرا تھا اوراس سے جھیل میں ایک بڑی لہر پیدا ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں چٹان گرنے کے بعد سیاحوں کو چیختے چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔چٹان کاستون پانی میں گرکرتباہ ہو گیا اور اس سے دو کشتیاں ٹوٹ گئی ہیں۔
URGENTE!!! Pedras se soltam de cânion em Capitólio, em Minas, e atingem três lanchas. pic.twitter.com/784wN6HbFy
— O Tempo (@otempo) January 8, 2022
حکام نے بتایا کہ تین افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔دیگرکھوجانے والے افراد کا ٹیلی فون کے ذریعے سراغ لگایاگیا تھا۔غوطہ خوروں نے بھی لاپتا افراد کی تلاش میں پوری جھیل کو چھان مارا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے بیشترافراد کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ایک کے سر اور چہرے پرشدید چوٹیں آئی ہیں اور اسپتال میں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ 23 دیگرافراد کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔انھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔
برازیل کے اس علاقے میں گذشتہ دو ہفتے سے شدید بارش ہو رہی ہے۔اس سے چٹانوں کےدھانے ڈھیلے ہوسکتے ہیں۔ ہفتہ کے روز مشرق میں 300 کلومیٹر دور لوہے کی ایک کان سیلاب میں زیرآب آگئی تھی جس سے ایک بڑی وفاقی شاہراہ کا ملک کے دوسرے علاقوں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔