کرونا وائرس

سعودی عرب:24 گھنٹے میں3013 نئے کیسوں کی تصدیق،تین مریضوں کی وفات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب میں کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے3013 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار تین افراد وفات پاگئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق کروناوائرس کے نتیجے میں اموات کی تعداد8953 ہو گئی ہے۔5 فروری تک تشویش ناک کیسوں کی تعداد 1056 تھی۔مملکت میں اب تک تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعداد 705,637 تک ہوچکی ہے۔

دریں اثناء گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کووِڈ-19 کے کا شکار4824 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 662,819 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز تک مملکت میں ویکسین کی 58,221,514 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔محکمہ صحت کے حکام آبادی کی اکثریت کو ویکسین لگانے کے لیے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سعودی حکومت نے کروناوائرس کی رابطہ ایپ ’’توکلنا‘‘میں مدافعتی حیثیت ظاہرہونے کے لیے 18سال سے زیادہ عمرکے ایسے تمام افراد کواضافی تقویتی خوراک (بوسٹر شاٹ)لگوانالازمی قرار دے دیا ہے جنھیں 8 ماہ سے زیادہ عرصہ قبل ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی تھی۔

تمام شہروں اور مکینوں کی توکلنا ایپ پر’’مدافعتی‘‘حیثیت ظاہرہونی چاہیے اور ایسے افراد ہی کو تقریبات میں شرکت ، سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے اور طیارے یا پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت ہے۔جو لوگ پہلے ہی ویکسین لگوانے سے مستثنیٰ تھے،انھیں اب بوسٹر شاٹس لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

سعودی عرب نے بیرون ملک سفرپر روانہ ہونے والے شہریوں کے لیے بھی 9 فروری سے کووڈ-19 کی ویکسین کی تیسری خوراک (بوسٹرشاٹ) لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ تیسری تقویتی خوراک ان تمام لوگوں کے لیے دستیاب ہےجنھیں دوسری خوراک لگوائے تین ماہ گزرچکے ہیں۔البتہ سولہ سال سے کم عمرلڑکے،لڑکیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اسی طرح جو لوگ توکلنا ایپ میں استثنا کے زمرے میں نظرآتے ہیں،انھیں بھی بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

حکومت نے اسی ہفتے ایک اور قانون کی بھی منظوری دی ہے،اس کے تحت مملکت میں آنے والے تمام لوگوں کو سعودی عرب روانگی اور پہنچنے سے قبل 48 گھنٹے کے اندر منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔آٹھ سال سے کم عمربچّے اس ٹیسٹ کی ضرورت سے مستثنیٰ ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں