روس کی جانب سے بطور مستقل رکن ویٹو پاور استعمال کرنے کے سبب قرار داد کے اجرا میں ناکامی کے بعد سلامتی کونسل آج اتوار کے روز ایک اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ اجلاس کا مقصد ایک قرار داد منظور کرنا ہے جس میں کل پیر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ یہ اجلاس روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے لیے مختص ہو گا۔ یہ بات سفارتی ذرائع نے بتائی ہے۔
واضح رہے کہ اس صورت میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں سے کوئی بھی ملک ویٹو پاور کا سہارا نہیں لے سکتا !
جنرل اسمبلی کے اس غیر معمولی اجلاس کا مقصد اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کی جانب سے روس یوکرین تنازع ، اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی بالخصوص جنگ کی مذمت کے حوالے سے موقف سامنے لانا ہے۔ یہ بات ایک سفارت کار نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتائی۔
روس اور یوکرین کے تنازع کے حوالے پیر کے بعد سے یہ سلامتی کونسل کا چوتھا اجلاس ہو گا۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں مجوزہ قرار داد کے منظور ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ کے ضوابط کے مطابق جنرل اسمبلی کا مطلوبہ اجلاس 24 گھنٹے کے اندر منعقد کیا جانا چاہیے۔