روس نے جمعہ کو یوکرین میں پہلی بار اپنے جدید ترین کنزال ہائپرسانک میزائلوں کا استعمال کیا ہے اوران سے حملے میں یوکرین کے مغرب میں ہتھیاروں کے ذخیرے کی ایک جگہ کو تباہ کر دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان میں ان میزائلوں کوچلانے کی اطلاع دی ہے۔روس نے اس سے پہلے کبھی جنگ میں اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے والے اس انتہائی درست ہتھیارکے استعمال کا اعتراف نہیں کیا تھا۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ریا نووستی نے وزارت دفاع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ مغرب نواز یوکرین کے ساتھ تنازع کے دوران میں پہلی مرتبہ کنزال ہائپر سانک ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ہائپرسانک ایرو بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ کنزال ایوی ایشن میزائل سسٹم نے ایفانو فرینکیفسک کے علاقے میں واقع گاؤں ڈیلیاٹین میں ایک بڑا زیرزمین گودام (ڈپو) کوتباہ کردیا ہے۔وہاں میزائلوں اور ہوابازی کے گولہ بارود کو ذخیرہ کیا گیا تھا۔
روسی صدر ولادی میرپوتین نے کنزال (خنجر) میزائل کو ’’ایک مثالی ہتھیار‘‘قراردیا ہے جو آواز کی رفتار سے 10 گنا زیادہ رفتارسے اڑتا ہے اورمخالف فضائی دفاعی نظاموں پرقابو پا سکتا ہے۔
کنزال میزائل روس کے ان نئے ہتھیاروں میں سے ایک تھا جن کی نقاب کشائی صدرپوتین نے 2018 میں قوم سے خطاب کے دوران میں کی تھی۔
خوب صورت کارپیتھیائی پہاڑوں کے دامن میں آباد گاؤں ڈیلیاٹین یوکرین کے شہر ایفانوفرینکیفسک کے نواح میں واقع ہے۔اسی ایفانو فرینکیفسک کے نام سے ریجن کی نیٹو کے رکن رومانیہ کے ساتھ 50 کلومیٹر (30 میل) طویل سرحد واقع ہے۔