یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی آج منگل کے روز وڈیو کے ذریعے عالمی سلامتی کونسل سے خطاب کریں گے۔ ان کا خطاب یوکرین کے معاملے کے لیے مختص اجلاس میں ہو گا۔ یہ بات پیر کے روز سلامتی کونسل میں برطانوی پریذیڈنسی نے بتائی۔ توقع ہے کہ زیلنسکی اپنے خطاب میں دارالحکومت کیف کے نزدیک واقع قصبے بوچا کے واقعات پر روشنی ڈالیں گے۔ واضح رہے کہ قصبے سے روسی انخلا کے بعد وہاں درجنوں لاشیں ملیں۔ ان میں بعض سڑکوں پر پڑی تھیں اور بعض اجتماعی قبروں میں دفنائی گئیں۔
یوکرین میں 24 فروری کو روسی فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد سلامتی کونسل میں زیلنسکی کا یہ پہلا خطاب ہو گا۔
سلامتی کونسل کے آج ہونے والے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس بھی شریک ہوں گے۔
متعدد مغربی ممالک اور اقوام متحدہ نے یوکرین کے قصبے بوچا میں سامنے آنے والے مناظر کی مذمت کی تھی۔ روسی افواج کے انخلا کے بعد پیر کے روز ولودی میر زیلنسکی نے قصبے کا دورہ کیا۔