سعودی عرب کی کبار علما کونسل نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے تاریخی مسجد قبا کی غیر معمولی توسیع کے حوالے سے اعلان کردہ پروجیکٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔
علما کونسل کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد کا مسجد قبا کی توسیع کا اعلان قابل تحسین ہے۔ اس اعلان کے مطابق توسیع کے بعد مسجد قبا میں 66 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے۔ یہ توسیع موجودہ جگہ سے دس گنا زیادہ رقبے پر ہو گی۔
بیان میں کہا کہ شاہ سلمان کا مسجد قبا کی توسیع کا منصوبہ ایک بابرکت منصوبہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اجر عظیم کی امید ہے۔ مساجد کی دیکھ بھال، تعمیر، توسیع ، فرنشننگ بڑے اجر وثواب کا کام ہے۔
مسجد قبا اپنی فضیلت رکھتی ہے کیونکہ یہ پہلی مسجد ہے جس کی بنیاد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکھی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر ہفتے پیدل یا سواری پر اس مسجد میں جاتے اور دو رکعتیں نماز ادا فرماتے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص اپنے گھر میں طہارت حاصل کرے، پھر مسجد قبا میں جائے اور اس میں دو رکعت نماز پڑھے تو یہ عمرہ کے برابر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت، خادم الحرمین الشریفین اور اس کے قابل اعتماد ولی عہد کی قیادت میں سعودی عرب اور دنیا بھر میں اللہ کے گھروں کی دیکھ بھال کی غیر معمولی ذمہ داریاں ادا کرتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مدینہ منورہ کے دورے کے دوران مسجد قبا میں نماز ادا کی اور اس موقعے پر انہوں نے مسجد قبا کے شاہ سلمان توسیعی منصوبے کا اعلان کیا۔