روس نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے مشرقی یوکرینی شہر سیویرو ڈونیٹسک پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کریملن کی افواج کا قریبی قصبے بوریوسکے پر بھی کنٹرول ہے۔
قبل ازیں کیئف حکومت کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یوکرینی فوج سیویرو ڈونیٹسک کے علاقے سے نکل چکی ہے۔ اس شہر کے یوکرین کے ہاتھ سے نکل جانے کا مطلب ہے کہ روس اب ڈونباس کے علاقے میں تقریباً پورے لوہانسک اوبلاسٹ پر قابض ہو چکا ہے۔
اسی دوران یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اعتراف کیا ہے کہ جنگ اب ’بہت مشکل اخلاقی اور جذباتی مرحلے‘ میں داخل ہو چکی ہے۔ تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ روسی حملے یوکرینی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔