اماراتی باکسر اورسوشل میڈیا اسٹار راشد بلہاسا ہفتے کے روز جدہ میں بحیرہ احمر کے ایونٹ میں ٹریچو جارجیف کے خلاف اپنا پہلا پیشہ ورانہ باکسنگ میچ ہار گئے ہیں۔
ارب پتی تاجرسیف راشد کے 20 سالہ بیٹے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ ٹریچو سے ایک منقسم فیصلے میں ہارے ہیں۔ٹریچو کی ناک آؤٹ اور تکنیکی ناک آؤٹ کے ذریعے تین شکستوں کے بعد یہ پہلی پیشہ ورانہ جیت ہے۔
بالہاسا نے اس مقابلے سے قبل مکہ مکرمہ میں دن گزارہ تھا اور وہاں عمرہ اداکیا تھا۔
پہلی بار یوٹیوب اور انسٹاگرام پرسنیکرکولیکشن دکھا کر بڑی تعداد میں لوگوں میں مقبولیت حاصل کرنے والے راشدنے جولائی 2021 میں دبئی میں اپنے ساتھی انس الشایب کے خلاف پہلے شوقیہ مقابلے میں حصہ لیا تھا۔بالہاسا نے ایک متفقہ فیصلے سے یہ مقابلہ جیت لیا تھا۔
جدہ کے شاہ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں ہونے والے بحیرہ احمر مقابلوں میں الیگزینڈراوسک اور انتھونی جوشوا کے درمیان ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے مقابلے کومیڈیا میں شہ سرخیوں کے ساتھ اجاگر کیا گیا ہے۔
اوسک کو ستمبر 2021 میں جیتے گئے ڈبلیو بی اے 'سپر'، آئی بی ایف، ڈبلیو بی او مقابلوں اور آئی بی او بیلٹوں کا دفاع کرنا ہے۔یوکرینی چیمپئن اپنے جنگ زدہ آبائی ملک میں مقابلے دکھانے کے لیے مفت نشریاتی حقوق حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔
اوسک کے منیجر کے مطابق انھوں نے منتظمین کو اسکلزچیلنج انٹرٹینمنٹ کے حقوق کے لیے رقم اداکرنے کی پیش کش کی لیکن سعودی کمپنی نےبغیر کسی ادائی کے یوکرین میں مفت نشریات دکھانے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی عرب میں باکسنگ کے ان مقابلوں میں کئی ایک پہلی مرتبہ منعقد ہورہے ہیں۔رملہ علی کا کرسٹل گارشیا نووا سے خواتین کا پہلا پیشہ ور باکسنگ میچ ہوگا۔اس سے قبل سعودی عرب میں اس طرح خواتین کے پیشہ ورانہ باکسنگ کے مقابلے منعقد نہیں ہوئے ہیں۔
نیویارک میں سعودی والد اورمصری والدہ کے ہاں پیدا ہونے والے زیاد المعایوف جب ہاؤزے الٹوری کے خلاف میدان میں اتریں گے تو وہ پہلے سعودی پیشہ ور باکسر بن جائیں گے۔