سعودی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز سٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے باہر انتہائی دائیں بازو کے ایک سیاست دان کو قرآن کا نسخہ جلانے کی اجازت دینے پر سویڈش حکام کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا، "وزارت خارجہ بات چیت، رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے اور نفرت اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی ضرورت کے مضبوط سعودی موقف کی تصدیق کرتی ہے۔"
قرآن پاک کو نذر آتش کا کام ڈنمارک کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ہارڈ لائن کے انتہا پسند رہنما راسمس پیلوڈن نے کیا۔ پیلوڈن، جن کے پاس سویڈن کی شہریت بھی ہے، ماضی میں متعدد ایسے مظاہرے کر چکے ہیں جہاں انہوں نے قرآن کی بے حرمتی کی اور نذر آتش کیا۔
پیلوڈن نے پولیس سے حاصل کیے گئے اجازت نامے میں کہا ہے کہ اس کا احتجاج اسلام اور اسے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی سویڈن میں آزادی اظہار پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے خلاف ہے۔