سعودی عرب کے شہری اور مکین بدھ کومملکت کے یوم تاسیس کے موقع پرشاندار تقریبات کے انعقاد اور ان میں شرکت کی تیاریاں کررہے ہیں۔یہ تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی۔
یومِ تاسیس کے موقع پربدھ 22 فروری کو سرکاری تعطیل ہوگی جبکہ سرکاری ملازمین اور طلبہ جمعرات 23 فروری کو بھی تعطیل کے ساتھ طویل اختتام ہفتہ سے لطف اندوزہوں گے۔نجی کمپنیاں ازخود یہ فیصلہ کریں گی کہ آیا اپنے ملازمین کے لیے جمعرات کی چھٹی دی جائے یا نہیں۔
سعودی عرب کا یومِ تاسیس پہلی مرتبہ گذشتہ سال منایا گیا تھا اور شاہی فرمان کے مطابق یہ اب سالانہ عام تعطیل بن گیا ہے۔’یومِ تاسیس‘کی تاریخ تین صدیاں پرانی ہے جب پہلی سعودی ریاست سنہ1727ء میں امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی تھی۔
یومِ تاسیس کے موقع پرمملکت بھرمیں رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔اس ضمن میں دارالحکومت الریاض میں خصوصی طورپرمختلف تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے اورتعطیلات کی تیاری کےسلسلے میں شہر کے ٹاورز کو پہلے ہی سبزرنگوں سے روشن کردیا گیا ہے۔
موسیقی
اس مرتبہ بھی گذشتہ سال کی طرح آرٹ کے ذریعے سعودی عرب کی تاریخ پیش کی جائے گی اوراس میں یومِ تاسیس کی اہمیت کواجاگرکیا جائے گا۔ لوگ عربی شاعری پر مبنی موسیقی کی پرفارمنس سے لطف اندوزہوسکتے ہیں۔اس میں سعودی عرب کی تاریخ اور عظمت کو اس کے قیام سے عصرِحاضرتک پیش کیا جائے گا۔
الریاض کی شہزادی نورہ یونیورسٹی کے کانفرنس سنٹرمیں 22 فروری سے27 فروری تک تھیٹرکے فن کاراور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔اس کے ٹکٹ کی قیمت 13 ڈالر (50 سعودی ریال) اور 40 ڈالر (150 سعودی ریال) کے درمیان ہے۔
یومِ تاسیس کا تاریخی مارچ
یوم تاسیس کے موقع پر مملکت کی تاریخ اور اقدار کو ایک مارچ میں بھی دکھایا جائے گا۔اس میں گھوڑوں کا جلوس اور بڑے بڑے فنکارانہ مجسمے شامل ہوں گے۔الریاض کے شہزادہ ترکی بن عبدالعزیزالاوّل روڈ پر ہونے والا یہ مارچ مملکت کے تعلقات، ترقی اور جرآت کی کہانی بیان کرے گا۔
یہ مارچ جمعہ 24 فروری کو نمازِعشاء (شام 7:21 بجے) کے بعد ہوگا۔
شرکاء شو شروع ہونے سے پہلے تقریب میں کھانے اور دیگرلوازمات سے لطف اندوزہوسکتے ہیں اور لوگوں کوآتش بازی کے شو سے لطف اندوز ہونے کے لیےارد گردرہنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
سیمی ناراورمکالمے
بدھ سے جمعہ تک شاہ فہدنیشنل لائبریری میں تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ان میں سیمی نارز، اجلاسوں اور ورکشاپس کے ذریعے زائرین کوپہلی سعودی ریاست کے ثقافتی ورثے سے متعارف کرایا جائے گا۔
الریاض کے شاہ عبداللہ فنانشیل ڈسٹرکٹ میں ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جو زائرین کو تین صدیاں پہلے کی یاد دلائیں گے اورانھیں مقبول مارکیٹیں تخلیق کرکے تاریخ کو دوبارہ دیکھنے کا موقع فراہم کریں گے۔باہمی تعامل پرمبنی نمائشوں اور تاریخی ڈراموں کے علاوہ روایتی سعودی ملبوسات کی نمائش بھی کی جائے گی۔