حج اور عمرہ کے وزیر توفیق الربیعہ نے اعلان کیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ملکوں کے تمام باشندے المکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمرہ کرنے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے الیکٹرانک ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
اتوار کے روز انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خلیجی ملکوں کے رہائشیوں کے لیے عمرہ ویزا کی تفصیلات اور درخواست کا لنک پوسٹ بھی کیا اور لکھا کہ ’’کسی مخصوص پیشے کی ضرورت کے بغیر ان سب کو خوش آمدید‘‘۔ الربیعہ کی اشاعت کے مطابق ویزا کے حصول کی سہولت خود رہائشی اور اس کے قریبی رشتہ داروں کے لیے ہے۔
یہ ویزا سعودی عرب میں ایک یا ایک سے زیادہ مرتبہ داخلے، عمرہ کی رسومات ادا کرنے، روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے، تاریخی مقامات پر جانے اور سیاحتی سرگرمیوں اور مملکت کے تمام شہروں کا دورہ کرنے کی بھی ضمانت دیتا ہے۔ سعودی وزیر نے بتایا کہ ویزا کی فیس 300 ریال ہے۔ میڈیکل انشورنس فیس اس کے علاوہ ہے۔ رقم پلیٹ فارم ’’روح السعودیہ‘‘کے ذریعہ جمع کرائی جائے گی۔
دیگر ضروریات میں یہ بات شامل ہے کہ درخواست دینے والا کم از کم 3 ماہ سے خلیجی ملک میں مقیم ہو اور اس کے پاس 6 ماہ کی درست مدت والا پاسپورٹ ہو۔ اور سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے باشندوں کو سیاحتی ویزے دینے کے لیے مخصوص پیشوں کی شرط کو منسوخ کر دے گا۔
الآن أصبح بإمكان جميع المقيمين في دول مجلس التعاون الخليجي زيارة مكة المكرمة والمدينة المنورة لأداء العمرة وزيارة المسجد النبوي، بتأشيرة زيارة إلكترونية للمملكة. فأهلًا وسهلًا بهم جميًعا دون اشتراط مهنة محددة..رابط التقديم https://t.co/QcIB3hVP8G pic.twitter.com/vfyu6bz9xN
— توفيق الربيعة (@tfrabiah) March 11, 2023
سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ ہم خلیجی ملکوں کے تمام باشندوں کو واضح اور سادہ اقدامات کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں۔ سعودی عرب جانے کے لیے مخصوص پیشوں کی ضرورت کے بغیر ویزا حاصل کرنا آسان ہو گیا ہے۔