امریکا: طلبہ کو شوٹرکی مشق میں اپنا وفات نامہ لکھنے پر مجبور کرنے والا استاد برطرف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکا میں طلبہ کو شوٹر کی مشق کے دوران میں اپنا وفات نامہ لکھنے پر مجبور کرنے والے استاد کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

اورنج کاؤنٹی اسکول ڈسٹرکٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "ایک استاد نے اسکول میں تشدد کے بارے میں نامناسب مشق (اسائنمنٹ) دی (اور) اسے برطرف کردیا گیاہے"۔ اس میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

جنوری میں اورلینڈو کے ڈاکٹر فلپس ہائی اسکول نے تجربہ کار استاد جیفری کین کی خدمات حاصل کی تھیں۔ انھوں نے فاکس کے ایک مقامی ماتحت ادارے کو بتایا کہ انھیں بغیر کسی وضاحت کے برطرف کر دیا گیا ہے۔

فیس بک پرکین کی جانب سے پوسٹ کی گئی اسائنمنٹ کی ایک واضح کاپی سے پتاچلتا ہے کہ انھوں نے اپنے اعلیٰ گریڈ کے طالب علموں سے کہا تھا کہ وہ نفسیات کے سبق کے حصے کے طور پر یہ تصور کریں کہ 'آج آپ کی زندگی کا 'آخری دن' ہے' اور اپنی موت کا نوٹس خود لکھیں۔

انھوں نے طالب علموں سے مزید کہا کہ وہ اس بارے میں سوچیں کہ "امریکا میں اتنے بڑے پیمانے پر فائرنگ کیوں ہو رہی ہے" اور اس بات پر غور کریں کہ "ہم کس طرح کے 'مثبت اقدامات' کر سکتے ہیں کہ جن کی بدولت بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات کی تعداد کو کم کیا جاسکے؟"

اسائنمنٹ کے نچلے حصے میں ایک اظہار لاتعلقی میں کہا گیا ہے کہ اس کامقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں جبکہ کین نے بتایا کہ اس کے باوجود کچھ طالب علموں نے بظاہر اسکول کے مشیروں سے شکایت کی ہے۔

63 سالہ کین نے فاکس کو بتایا کہ طالب علموں کے لیے ان کا چیلنج یہ ہے کہ وہ "تمام پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کریں اور انھیں یہ دکھائیں کہ دنیا میں کیا اہم ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ "اگر آپ طالب علموں سے حقیقی بات نہیں کر سکتے تو پھر اس ماحول میں کیا ہو رہا ہے؟میرے ذہن میں جو آیا، وہ پوچھا، میں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے۔"

انھوں نے فاکس کو بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، حالانکہ ایک عارضی استادکی حیثیت سے وہ ابھی تک ٹیچرز یونین کے رکن نہیں ہیں۔

یادرہے کہ جون 2016 میں پلس نائٹ کلب پر 29 سالہ مسلح شخص نے حملہ کیا تھا جس میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ میامی کے مضافاتی علاقے پارک لینڈ میں 2018 میں ایک 19 سالہ حملہ آور نے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

اسلحہ سے متعلق تشدد اوراس کے بارے میں کیا کیا جائے،یہ امریکامیں ایک انتہائی متنازع مسئلہ ہے۔ ٹینیسی میں دو ریاستی قانون سازوں کو حال ہی میں اسلحہ پر قابو پانے کے اقدامات کے مطالبے پر بحث میں خلل ڈالنے پر اسمبلی سے نکال دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں