شیر خوار بچی کو سوڈان سے نکال کر جدہ کیسے لایا گیا؟
شیر خوار بچی کی والدہ اور دادی نے ’’العربیہ‘‘ کو انخلا کی تفصیلات سے آگاہ کیا
العربیہ نے سوڈان میں پورٹ سوڈان کی بندرگاہ سے جدہ کے کنگ فیصل نیول بیس تک پہنچائی جانے والی 15 دن کی شیرخوار بچی کی ویڈیو نشر کی تو اس ویڈیو کو بین الاقوامی میڈیا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز زبردست مقبولیت حاصل ہوئی۔ لوگوں نے بڑی تعداد میں بچی کے انخلا کے عمل کی تعریف کی۔
شیر خوار بچی کی دادی رابعہ العدویہ البشری خرطوم کے کافوری محلے کی رہائشی ہیں۔ بچی کی دادی نے ’’ العربیہ‘‘ سے گفتگو میں اس انخلا کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ رابعہ العدویہ نے بتایا کہ جس ہسپتال میں شیر خوار بچی کی پیدائش ہوئی۔ اس کی پیدائش کے تیسرے دن سے ہی اس ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اللہ کا شکر ہے ہماری نومولود بچی کی جان بچ گئی۔ علاقے میں شدید آگ لگ گئی تھی۔
عمرها 15 يوما.. #السعودية تجلي رضيعة من #السودان ووالدتها تروي لـ #العربية التفاصيل pic.twitter.com/HKahX91MRH
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) April 29, 2023
رابعہ نے بتایا کہ جس بحری جہاز پر شیر خوار بچی کو سوڈان سے نکال کر جدہ لایا گیا، اس بحری جہاز کے عملے نے بھی بچی اور اہل خانہ کے ساتھ محبت اور رحم کا معاملہ کیا۔ رابعہ نے غیر ملکیوں کے انخلا کی کوششوں پر سعودی عرب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
بچے کی ماں نے بتایا کہ خرطوم سے انخلاء کا فیصلہ گولہ باری کے ہمارے گھر تک پہنچنے کے بعد کیا گیا۔ بمباری نے ہمیں باہر نکلنے کی درخواست لکھنے پر مجبور کیا جس میں کوئی وقت نہیں لگا۔
سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ سوڈان سے اب تک انخلا کرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 879 ہوگئی ہے جن میں 139 سعودی شہری اور 4 ہزار 738 کا تعلق دنیا کے 96 ملکوں سے ہے۔
جن ملکوں کے شہریوں کو سوڈان سے جدہ لایا گیا ان ملکوں میں تھائی لینڈ، آسٹریلیا، روانڈا، گیمبیا، اریٹیریا، ملاوی، مقدونیہ، فرانس، بھارت، ناروے، فلسطین، یمن، امریکہ، شام، فلپائن، نائجیریا، بنگلہ دیش، سویڈن، کینیا، تیونس، عراق، لیبیا، مراکش، اردن، موریطانیہ، تنزانیہ، ایران، پاکستان، کینیڈا، روس، پاناما، ایکواڈور، آئرلینڈ، یونان، ویت نام، نیپال، بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا، جنوبی سوڈان، صومالیہ، برکینا فاسو، کوٹ ڈی آئیوری، گھانا، زمبابوے، برونڈی، میانمار، انڈونیشیا، تاجکستان، منگولیا، ترکی، اٹلی، ایتھوپیا، چاڈ، جرمنی، جنوبی افریقہ، یوگنڈا، لائبیریا، نمیبیا، سیرا لیون، برطانیہ، بیلجیئم، بینن، نیدرلینڈز، مصر، ماریشس، رومانیہ شامل ہیں۔