سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعہ کے روز یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے مملکت کے ساحلی شہر جدہ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے یوکرین اور روس کے درمیان تنازعہ کے سیاسی حل کی خاطر ہونے والی عالمی کوششوں میں ریاض کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
شہزادہ محمد کے بہ قول ان کا ملک [سعودی عرب] تنازعہ کی وجہ سے پیدا ہونے انسانی مسائل کو کم کرنے میں اپنی کوششیں کرتا رہے گا۔
زیلنسکی نے مشرق وسطیٰ اور عالمی سطح پر مملکت کے اہم کردار کی تعریف کی۔
#فيديو | سمو #ولي_العهد يستقبل فخامة رئيس #أوكرانيا.#قمة_جدة#واس pic.twitter.com/bViN6D8De2
— واس الأخبار الملكية (@spagov) May 19, 2023
قبل ازیں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جدہ میں ہونے والے عرب سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یوکرین میں روس کی مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کے لئے پیش کردہ اپنے امن منصوبے کی حمایت پر زور دیا۔
زیلنسکی نے اپنے پہلے دورہ سعودی عرب میں گذشتہ برس قیدیوں کی رہائی میں مصالحتی کردار ادا کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
جدہ میں اپنے قیام کے دوران یوکرینی صدر نے عراق کے وزیر اعظم محمد الشیاع السودانی سے بھی ملاقات کی۔ یوکرین کی آزادی اور علاقائی استحکام کی حمایت کرنے پر زیلنسکی نے عراق کے اصولی موقف پر السودانی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یوکرین کے صدر نے سمٹ میں متحدہ عرب امارات، عمان اور کویت کی نمائندگی کرنے والے وفود کے سربراہاں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان سے یوکرین کے امن فارمولا پر تبادلہ خیال کیا۔
زیلنسکی فارمولے میں روسی فوج کا یوکرینی علاقوں سے مکمل انخلا اور کیئف کی سرحدوں کی جنگ سے قبل کی پوزیشن پر بحالی شامل ہے۔
انہوں نے اماراتی وفد کےساتھ تجارت، سرمایہ کاری، عالمی فوڈ سکیورٹی اور بحیرہ اسود گرین اقدام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
یوکرینی صدر نے عمان کے اسد بن طارق السید کے ساتھ ملاقات میں خطے کے ملکوں کی جانب سے یوکرین امن کوششوں کی حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یو این جنرل اسمبلی میں تنازعہ کے حل سے متعلق قراردادوں کی ووٹوں کے موقع پر مسلسل حمایت پر زیلنسکی نے کویت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔