سعودی وزیر خارجہ کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات؛دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ہفتے کے روز تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل اور صدر رئیسی کے درمیان بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے کی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں عہدے داروں نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مختلف علاقائی مسائل کے حل کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی ہے۔
اس سے قبل ہفتے کے روز سعودی عرب کے اعلیٰ سفارت کار نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی تھی۔ انھوں نے ایرانی وزارت خارجہ کی عمارت میں دو طرفہ بات چیت کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔
شہزادہ فیصل نے ایرانی وزیرخارجہ سے مذاکرات کو 'مثبت' قرار دیا اور کہا کہ بات چیت میں اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ الریاض کو امید ہے کہ تہران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔