روس میں بغاوت کرنے والے کرائے کے مسلح گروپ واگنراور اس کے سربراہ ایوگینی پریگوزن نے جنوبی شہر روستوف آن ڈان میں روسی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر کو خالی کردیا ہے۔
اس موقع شہر کے درجنوں مکینوں نے فوجی ہیڈ کوارٹر کے باہر واگنر کی حمایت میں نعرے بازی کی ہے۔اس فوجی ہیڈکوارٹر پر کرائے کے اس مسلح گروپ نے مختصر دورانیے کی بغاوت میں قبضہ کر لیا تھا۔
ہفتے کو رات بھیگتے ہی درجنوں مقامی افراد واگنر کی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے فوجی دفتر کے قریب جمع ہو گئے اور انھوں نے نعرے لگائے۔
اس سے قبل اس مسلح گروپ کے سربراہ ایوگینی پریگوزن نے ہفتے کے روز ماسکو کی جانب قافلے کی شکل میں پیش قدمی کرنے والے اپنے جنگجوؤں کو لوٹنے کاحکم دیا تھا اور ان سے کہا کہ وہ ملک میں خون ریزی سے بچنے کے لیے اپنے اڈوں پر واپس چلے جائیں۔
پریگوزن نے جمعہ کو اپنے جنگجوؤں کو ماسکو کی جانب پیش قدمی کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ روسی فوج کے اعلیٰ عہدے داروں کو ہٹانا چاہتے ہیں اور 'انصاف کی بحالی' چاہتے ہیں۔روسی صدرولادی میر پوتین نے ان کے اس اقدام کو بغاوت قرار دیتے ہوئے اس کو فیصلہ کن انداز میں کچلنے کا اعلان کیا تھا۔
دریں اثناء بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دفتر نے کہا ہے کہ انھوں نے صدرپوتین کی منظوری سے پریگوزن سے بات کی ہے اور ویگنر ملیشیا کے سربراہ نے کشیدگی کو کم کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔