روسی سکیورٹی سروس کو پریگوزن کے قتل کا کام سونپا گیا: یوکرینی انٹیلی جنس
سوال یہ ہے کیا روسی سکیورٹی سروسز اس قتل کو انجام دینے میں کامیاب ہو جائیں گی؟ سربراہ یوکرینی انٹیلی جنس
یوکرین کی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کریلو بوڈانوف نے کہا کہ روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کو واگنر ملٹری گروپ کے کمانڈر ایوگنی پریگوزن کو قتل کرنے کا کام سونپا گیا ۔ دی وار زون میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں بوڈانوف نے وضاحت کی کہ پریگوزن کا قتل آسان نہیں ہوگا اور اس میں وقت لگے گا۔ یوکرینی انٹیلی جنس کے سربراہ نے مزید کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا روسی سیکیورٹی سروسز اس قتل کو انجام دے سکیں گی؟
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوو نے کہا ہے کہ انہیں نجی ملٹری کمپنی واگنر کے بانی کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ پیسکوو نے ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایا کہ میرے پاس ایسی معلومات نہیں ہیں۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز اور فوج کے ان ارکان اور افسران کو برطرف کرنے کے منصوبے کے بارے میں سوال پر تبصرہ کرنے سے بھی انکار کردیا جو پریگوزن کے ساتھ رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا یہ سوال میرے دائرہ کار میں بالکل نہیں آتا۔
جمعرات کو واگنر کے سربراہ پریگوزن نے ایک آڈیو ریکارڈنگ میں کہا کہ ان کی افواج کو روس میں سب سے زیادہ تجربہ کار سمجھا جاتا ہے اور شاید دنیا میں سب سے زیادہ تجربہ کار سمجھا جاتا ہے۔ ہمارا گروپ روس کے مفاد میں بہت سے کام انجام دیتا ہے۔ ہمارا گروپ افریقہ، عرب ملکوں اور دنیا کے مختلف خطوں میں مشن انجام دیتا ہے۔ ہم نے یوکرین میں اچھے نتائج حاصل کیے اور انتہائی سنجیدہ مشن انجام دیے ہیں۔