ایران کے وزیر تیل جواد اوجی نے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ویانا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا نے اطلاع دی ہے کہ جواد اوجی اور شہزادہ عبدالعزیز نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تیل اور گیس کی صنعت میں سرمایہ کاری اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انھوں نے ہائیڈرو کاربن تجارت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی ہے۔
دونوں ممالک نے مارچ میں چین کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کیے تھے جس سے ان کے درمیان مختلف شعبوں میں ممکنہ دوطرفہ تعاون کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
منگل کے روز سعودی عرب نے ایران سے اس مطالبے کا اعادہ کیا تھا کہ وہ خلیج کے سمندری "منقسم علاقے" کی حد بندی کے لیے الریاض اور کویت کے ساتھ بات چیت شروع کرے۔