روس : یوگینی پریگوژن کی آبائی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے مضافات میں آخری رسوم کے بعد تدفین
روس کی واگنر ملیشیا کے سربراہ یوگینی پریگوژن کی آخری رسومات ان کے آبائی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے مضافات میں واقع ایک قبرستان میں نجی طور پر ادا کردی گئی ہیں۔
واگنر کی پریس سروس نے ٹیلی گرام پر ایک مختصر پوسٹ میں کہا کہ ’’یوگینی وکتوروفچ کو الوداع کہنے کی تقریب ایک بند فارمیٹ میں ہوئی ہے۔ جو لوگ انھیں خداحافظ کہنا چاہتے ہیں وہ پورو کھوفسکوئے قبرستان میں جا سکتے ہیں‘‘۔اس بیان کے ساتھ پریگوژن کی ایک تصویر بھی تھی۔
انھوں نے دوماہ قبل روس کی دفاعی قیادت کے خلاف بغاوت برپا کردی تھی اور ان کے زیرکمان کرائے کی ملیشیا نے ماسکو کی جانب فوجی چڑھائی کی کوشش کی تھی۔ان کی یہ مسلح بغاوت صدر ولادی میرپوتین کے لیے 1999ء میں برسراقتدارآنے کے بعد سے سب سے بڑا چیلنج تھی لیکن اس بغاوت کے ٹھیک دو ماہ بعد 23 اگست کو وہ اپنے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
پریگوژن کی آخری رسومات کے انتظامات رازداری میں کیے گئے تھے اور کریملن نے اس سے قبل کہا تھا کہ صدرپوتین آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔
ماسکو کے شمال میں ان کا ایمبریر لیگیسی 600 نجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں واگنر کی دو دیگر اعلیٰ شخصیات، پریگوژن کے چار ذاتی محافظ اور عملہ کے تین ارکان بھی ہلاک ہو گئے تھے۔