سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں آیندہ جمعہ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جاری رہے گا۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسم کی پیشین گوئیوں کی بنیاد پر، نظامتِ عامہ برائے شہری دفاع نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور مختلف میڈیا اداروں کے ذریعے اعلان کردہ ہدایات اور انتباہوں پر سختی سے عمل کریں۔
محکمہ شہری دفاع نے غیرمحفوظ مقامات اور ساحلی علاقوں میں پیراکی سے گریزکرنے پر زوردیا ہے اورکہا کہ گرج چمک کے دوران میں ہر کسی کے لیے محفوظ مقامات پر رہنا اور طوفان، دلدل، وادیوں اور ایسے تمام مقامات سے بچنا ضروری ہے جہاں پانی جمع ہوتا ہے۔
شہری دفاع نے اشارہ دیا ہے کہ مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور الباحہ کے علاقے درمیانی اور شدید بارشوں سے متاثر ہوں گے جس سے سیلاب آسکتا ہے، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے سے دھول کا طوفان آسکتا ہے۔مکہ مکرمہ کے علاقے طایف، الجوم، بحرہ، القنفذہ، اللیث، الکامل، خلیس، میسان، ادھم اور العرضیات میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق الریاض ریجن میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔وادی الدوسر، السلیل، القويعيہ، عفیف اور الافلاج، مکہ مکرمہ کے علاقے المویہ، الخرمہ، رنیہ اور تربہ کے علاوہ مدینہ منورہ اور نجران کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔