ترکیہ میں موسلا دھار بارشوں کے بعد استنبول کی گلیاں دریا بن گئیں
موسم گرما میں شدید گرمی کے دوران زبردست بارشوں سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی
وسطی یونان، ترکیہ اور بلغاریہ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اب تک کم از کم سات افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں زبردست بارشوں سے تقریباً پورے شہر کی گلیوں میں پانی بھر گیا ہے۔
ترک حکام نے بتایا کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ چار دیگر لاپتا ہیں۔ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں حالات کافی خراب ہوئے جہاں کئی علاقوں کی گلیوں اور گھروں میں بھی پانی بھر گیا۔
عاجل من تركيا...
— إياد الحمود (@Eyaaaad) September 5, 2023
الفيضانات تغمر اسطنبول وعشرات السيارات غارقة وأنباء عن غرق أنفاق المدينة وأشخاص عالقين في "مكتبة اسطنبول" لا يستطيعون الخروج ويطلبون من الشرطة إنقاذهم.pic.twitter.com/vjTTloZYc4
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ بلغاریہ کی سرحد کے قریب شمال مغربی صوبہ کرکلریلی میں ایک کیمپ کے پاس سے سیلابی ریلا بہنے کے بعد امدادی ٹیموں نے دو لاشیں برآمد کیں جبکہ چار دیگر لاپتا ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب بارش کا سیلابی ریلا یہاں پہنچا تو اس وقت تقریباً 12 افراد اپنی تعطیلات کے لیے اس مقام پر موجود تھے۔
ترکی کی اناضول خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز بھی جنوب مغربی ترکی میں شدید بارشیں ہوئی تھیں اور اس دوران آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے مختلف 36 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے تھے۔