ایورٹن کے ونگر دیمارائی گرے نے انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم کے ساتھ اختلافات کے بعد سعودی پرو لیگ کی ٹیم الاتفاق میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
دونوں کلبوں نے ان کی منتقلی کی کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی لیکن برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسٹیون جیراڈ کے کلب نے 80 لاکھ پاؤنڈ (9.98 ملین ڈالر) کی ٹرانسفر فیس ادا کی ہے اور گرے نے الاتفاق کے ساتھ چار سالہ معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔
ایورٹن کے منیجر شان ڈائچے نے رواں ہفتے گرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’’ٹریننگ نہیں کرنا چاہتے تھے اوریہاں نہیں رہنا چاہتے تھے‘‘۔اس سے پہلے گرے نے انسٹاگرام پرلکھا:’’کسی ایسے شخص کے لیے کھیلنا بہت ہی مشکل ہوجاتا ہے جو ایک شخص کے طور پر آپ کو احترام نہیں دیتا ہے‘‘۔
رواں سیزن میں گرے نے ایورٹن کی جانب سے نہیں کھیلا ہے۔ وہ 2021 میں بائر لیورکوسن سے مرسی سائیڈ کلب میں منتقل ہوئے تھے۔ انھوں نے 75 میچ کھیلے اور 12 گول اسکور کیے تھے۔
الاتفاق کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرے نے کہا:’’میں نے اس (پریمیئر لیگ) کلب کو اچھے اور برے طریقے سے اپنا سب کچھ دے دیا تھا۔ میں اس سیزن میں زیادہ سے زیادہ فٹ بال کھیلنے کے لیے تیار تھا لیکن مجھے ایسے محسوس ہوا کہ ایسا نہیں ہونے جا رہا ہے۔ اب میرے اگلے باب کا وقت آ گیا ہے‘‘۔
برمنگھم میں پیدا ہونے والے گرے انگلینڈ یوتھ کے بین الاقوامی کھلاڑی تھے لیکن انھوں نے رواں سال جمیکا میں شمولیت اختیار کی اور پانچ میچ کھیل چکے ہیں۔
لیورپول کے سابق کپتان جیرارڈ کی قیادت میں الاتفاق نے جورڈن ہینڈرسن اور این فیلڈ میں کھیلنے والے جارجینو وجنالڈوم کے علاوہ اولمپیک لیونیس سے تعلق رکھنے والے موسیٰ ڈیمبیلے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔