افغانستان نے بھارت میں اپنا سفارت خانہ آج بروز اتوار سے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کو خط ارسال کر دیا گیا۔
اعلان کے مطابق سفارت خانہ افغان شہریوں کو ہنگامی نوعیت کی قونصلر خدمات فراہم کرتا رہے گا۔
افغانستان کی گذشتہ حکومت نے بھارت میں جو سفارت خانہ قائم کیا تھا وہ آج بند ہونے جا رہا ہے۔ سفارتی لحاظ سے اسے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت میں افغان سفارتخانہ بند ہونے کی خبر اس وقت سامنے آئی جب افغانستان کے سفارت خانے کی جانب سے بھارتی وزارت خارجہ کو ایک خط ارسال کیا گیا۔
خط میں ان مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے جن کی وجہ سے یہ انتہائی قدم اٹھانا ضروری ہوا۔ خط میں بھارتی حکومت کی افغانستان کو ناکافی سفارتی حمایت کو بھی سفارت خانے کی بندش کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ چھ اگست دو ہزار اکیس سے تین ہزار افغان طلباء اور بہت سے شہری ویزوں کے اجرا اور صحت کے مسائل کے حل کے منتظر ہیں۔