سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی نے ایک نئے شعبہ کی تشکیل کے حصے کے طور پر سینما اور تھیٹر میں بیچلر ڈگری کا آغاز کیا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں استاد کی تکریم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
سینما اور تھیٹر کا شعبہ یونیورسٹی کے کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کا حصہ ہے۔ بیچلر کی ڈگری طلبا کو فلم سازی اور تھیٹر کے فنون کی تربیت دے گی اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ ان کا تیار کردہ مواد سعودی رسم و رواج اور ثقافت کے مطابق ہو۔
کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے ڈین شہزادہ سعد بن سعود بن محمد آل سعود نے گذشتہ برس عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اس ڈرافٹ پروگرام کا انکشاف کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’نئی ڈگری کا ہنر مند پیشہ ور افراد کی تربیت کے ذریعے مملکت میں سینما اور تھیٹر کی صنعت پر براہ راست مثبت اثر پڑے گا‘۔
امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کا کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن مملکت کے سب سے بڑے کالجوں میں سے ایک ہے اور اس شعبے میں نئی مہارتوں کو پورا کرنے کے لیے جدید ترین ہے۔
امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی نے کچھ سال پہلے صحافت، ریڈیو، ٹی وی اور تعلقات عامہ کے شعبوں کے علاوہ ایک مارکیٹنگ ایڈورٹائزنگ ڈیپارٹمنٹ، گرافکس اور ملٹی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا آغاز کیا تھا۔
اگرچہ پروگرام کی تفصیلات کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے لیکن توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ کالج سے ہدایت کاری، فلم بندی اور سکرپٹ رائٹنگ کے کورسز پیش کیے جائیں گے جنہیں عرب اور بین الاقوامی ماہرین دونوں سکھاتے ہیں۔