امریکی افواج پر مزید حملے کرنے کے وعدے کے چند گھنٹے بعد ہی عراقی مسلح گروپوں نے شام میں کونیکو آئل فیلڈ میں امریکی اڈے پر راکٹوں سے بمباری کردی۔ گروپوں نے کہا کہ براہ راست اپنے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ حملے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کئے گئے۔
’’ اسلامی مزاحمت عراق‘‘ کے نام سے تنظیم سے منسلک گروپوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بمباری میں دیر الزور کے دیہی علاقوں میں واقع اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی کہ ایرانی حمایت یافتہ گروپ نے عالمی اتحاد کے اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک راکٹ فائر کیا جس میں انسانی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ آبزرویٹری نے اشارہ کیا کہ اتحادی طیاروں نے امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کے جواب میں دیر الزور دیہی علاقوں میں ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ مسلح گروپوں کے مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے عراق میں حزب اللہ گروپ نے امریکی افواج کے خلاف مزید حملوں کا اعلان کیا ہے۔ عراق میں حزب اللہ اس کے ترجمان محمد محی نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے اور اپنے حملوں کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کیا۔ امریکی دفاع نے شام اور عراق میں اپنے اڈوں پر حملوں کو ناکام بنا دیا۔