آئیووا کے قصبے پیری میں حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کو آئیووا ہائی سکول میں ایک 17 سالہ مشتبہ شخص کی فائرنگ سے چھٹی جماعت کا ایک طالب علم ہلاک اور پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
قانون نافذ کرنے والے ایک اہل کار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مشتبہ شخص کی موت کے بارے میں تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ وہ خود اپنی گولی سے لگنے والے زخم سے ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے کم از کم ایک اسکول کا منتظم ہے۔
اہل کار کو تحقیقات کی تفصیلات پر بات کرنے کا اختیار نہیں تھا اور اس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے پی سے بات کی تھی۔
پیری تقریباً 8000 رہائشیوں پر مشتمل قصبہ ہے۔ اور یہ ریاستی دارالحکومت کے میٹروپولیٹن علاقے سےتقریباً 40 میل کے فاصلے پر ہے۔
اس سے قبل ڈیلس کاؤنٹی کے شیرف ایڈم انفینٹے نے صحافیوں کو بتایا تھاکہ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے کے قریب ہوئی، اور اس کے بعد مقامی، ریاستی اور وفاقی حکام حرکت میں آگئے۔
شیرف نے کہا کہ فائرنگ کے وقت اسکول کی کلاسیں شروع نہیں ہوئی تھیں اور "عمارت میں بہت کم طلباء اور اساتذہ موجود تھے، میرے خیال میں اس وجہ سے ہم بدترین نتائج سے محفوظ رہے"۔
شیرف نے کہا کہ عہدے داروں نے شوٹر کی شناخت کر لی ہے، لیکن انہوں نے کسی کی گرفتاری سمیت مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔
پیری کا ہائی اسکول اور مڈل اسکول آپس میں جڑے ہوئے ہیں، ہائی اسکول کی سینئراسٹوڈنٹ ایوا آگسٹس نے کہا کہ وہ کونسلر کے دفتر میں ان کے آنے کا انتظار کر رہی تھیں، جب انہوں نے تین گولیوں کی آواز سنی۔
ایوا آگسٹس اور دوسروں نے جلدی سے دروازے بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کیں آگسٹس نے روتے ہوئے کہا، وہ ضرورت پڑنے پر چیزیں پھینکنے کی تیاری کر رہے تھےکہ انہوں نے اعلان سنا کہ حملہ آور پر قابو پالیا گیا ہے، "اور ہم باہر جاسکتے ہیں"
وہ جب باہر بھاگ رہی تھیں تو ہر جگہ ٹوٹے شیشے اور خون کے دھبے نظر آئے، انہوں نے کہا" میں جب اپنی کار کے پاس پہنچی تور وہ ایک لڑکی کو آڈیٹوریم سے باہر لے جا رہے ہیں جس کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔"
BREAKING: At least one 6th grade student was killed in an Iowa school shooting Thursday morning, authorities said.
— ABC News (@ABC) January 4, 2024
The Perry High School principal was among five other people who were injured, the district confirmed. pic.twitter.com/ke4budt40R
ہیلتھ سسٹم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گولیوں کی زد میں آنے والے تین افراد کو ایمبولینس میں آئیووا میتھوڈسٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا۔ کچھ اور مریضوں کو ڈیس موئنز کے دوسرے اسپتال میں منتقل کیا گیا.
فائرنگ کا واقعہ آئیووا کے پہلے ملک کے صدارتی کاکس کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔ ریپبلکن امیدوار وویک رام سوامی نے پیری میں صبح 9 بجے ہائی اسکول سے تقریباً ڈیڑھ میل دور انتخابی مہم کا ایک پروگرام منعقد کرنا تھا لیکن علاقے کے رہائشیوں کے ساتھ دعا میں شرکت کے لیے اسے منسوخ کر دیا گیا۔
پیری میں جمعرات کی رات کو ایک پارک اور ایک مقامی چرچ میں شب بیداری ہو گی اور ہائی اسکول جمعہ کو بند رہے گا۔