پیر کو عرب ورلڈ نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی کہ مصر کے ایک سکیورٹی اہلکار نے پیر کے روز اس بات پر زور دیا کہ قاہرہ اسرائیل کو مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان صلاح الدین سرحدی محور کو کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
"ہم غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتے"
مصری اہلکار نے مزید کہا کہ غزہ کے ساتھ سرحد کو کنٹرول کرنا مصر کی ذمہ داری ہے۔ ہم کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دیتے۔ دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدہ اسرائیل کو صلاح الدین "فلاڈیلفیا" کے محور میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت سے روکتا ہے۔
انہوں نے سرحد پار سے غزہ کی پٹی میں ہتھیاروں کی سمگلنگ کے الزامات کی بھی تردید کی۔
اسرائیل کے ساتھ کوئی سکیورٹی تعاون نہیں
مصری اہلکارنے اس بات کی تردید کی کہ فلاڈیلفیا کے محور پر نئے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
صلاح الدین محور جسے "فلاڈیلفیا ایکسس" کہا جاتا ہے غزہ کی پٹی کے اندر شمال میں بحیرہ روم سے لے کر جنوب میں کارم شالوم کراسنگ تک مصر کی سرحد کے ساتھ پھیلا ہوا ہے جس کی لمبائی تقریباً 14 کلومیٹر ہے۔
امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے مصر کو جلد ہی فلاڈیلفیا کے محور کو کنٹرول کرنے کے اپنے منصوبے سے آگاہ کر دیا ہے۔