سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو تیز بخار اور جوڑوں کے درد کی وجہ سے ایک بار پھر طبی معائنے کے لیے ہسپتال جانا پڑا ہے۔ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا موقع ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' کے مطابق سعودی شاہی محل السلام پیلس جدہ میں قائم ایک کلینک میں شاہ سلمان کو لے جایا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے نے یہ بات شاہی بیان کی بنیاد پر رپورٹ کی ہے۔
اس شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو تیز بخار ہے اور ان کے جسم کے جوڑوں میں درد ہے۔ اس لیے ان کی طبی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ مسئلے کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کرائے جائیں اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ تاکہ ان کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز 2015 سے سعودی عرب کے فرمانروا ہیں۔ انہوں نے اپنے 38 سالہ بیٹے محمد بن سلمان کو اپنا ولی عہد مقرر کیا ہے۔ جو 2017 سے حکمرانی کے روزمرہ کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔