شام کے دارالحکومت دمشق سے کچھ فاصلے پر موجود سیدہ زینب کے علاقے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں نشانہ بنائے گئے مقامات سے دھویں کے بادل اٹھ رہے تاہم ابھی تک انسانی جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملے کے ساتھ ہی شام کے فضائی دفاعی اڈوں نے اوپر سے اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے میزائل داغے۔
درایں اثناء العربیہ/الحادث کے نامہ نگار مائندے نے اطلاع دی ہے کہ دمشق کے قرب و جوار میں ایک جگہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جنوبی شام کے علاقے تل الصحن میں شامی فوج کی ایک ریڈار سائٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے جمعرات کو علی الصبح اطلاع دی تھی کہ اسرائیل نے شام کے جنوبی علاقے میں متعدد مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے ایک "فضائی حملہ" کیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ایک فوجی زخمی ہوا۔
سنہ 2011ء میں شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے لبنانی حزب اللہ کی قیادت میں شامی حکومت کی افواج کے ساتھ مل کر لڑنے والے شامی فوج اور ایران کے وفادار مسلح دھڑوں کو نشانہ بناتے ہوئے سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔
لیکن سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے ان اسرائیلی حملوں کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔