بھارت: ممبئی میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال
ٹرینیں منسوخ، انساںوں کے علاوہ جانور بھی متأثر
بھارت کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی میں پیر کے روز شدید بارشوں سے سڑکیں اور ریلوے ٹریک زیرِ آب آگئے جس کی وجہ سے حکام کچھ سکول اور کالج بند کرنے پر مجبور ہو گئے جبکہ شمال مشرقی ریاست آسام میں دریاؤں میں طغیانی سے 20 لاکھ سے زیادہ افراد متأثر ہوئے۔
ممبئی کے بلدیاتی ادارے نے کہا کہ شہر میں چھے گھنٹے کے دوران صبح سات بجے (0130 جی ایم ٹی) تک 300 ملی میٹر (11.8 انچ) سے زیادہ بارش ہوئی۔ نیز ادارے نے دن کے آخر میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا۔
شہر کے مشرقی اور مغربی ایکسپریس ہائی ویز پر صبح کے مصروف اوقات میں ٹریفک کا اژدھام جمع ہو گیا اور سینٹرل ریلوے نے کہا کہ اس نے پٹریوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے کچھ طویل فاصلے کی ٹرینیں منسوخ کر دیں۔
ممبئی میں یہ موسلا دھار بارش قومی دارالحکومت دہلی میں ریکارڈ توڑ بارش کے چند دن بعد ہوئی جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کی چھت گرنے کا مہلک حادثہ پیش آیا۔
مون سون کی طوفانی بارشیں ملک کے شمالی اور مشرقی حصوں کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ملک نیپال میں بھی سیلاب اور پہاڑی تودے گرنے کی وجہ بنیں جہاں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔
مقامی حکام نے اتوار کے روز بتایا کہ آسام میں متعدد دریاؤں میں سیلاب سے 20 لاکھ سے زیادہ لوگ متأثر ہوئے ہیں جہاں کازیرانگا نیشنل پارک بھی زیرِ آب آ گیا جو ایک سینگ والے نایاب گینڈوں کا مسکن ہے۔ اس میں چھے گینڈے ڈوب گئے۔
حکام نے بتایا کہ ریاست میں مئی سے اب تک سیلاب اور بارش سے متعلق واقعات میں کم از کم 66 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریاستی حکومت نے کہا کہ سیلاب سے نیپال کی سرحد پر واقع ہندوستان کی سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست اتر پردیش کے 31 گاؤں بھی متأثر ہوئے ہیں۔