ناساؤ کاؤنٹی :غزہ جنگ کے مظاہرین کے شناخت چھپانے کی غرض سے ماسک پہننے پر پابندی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

نیویارک کی مضافاتی ناساؤ کاؤنٹی نے غزہ جنگ میں اسرائیل کی امریکی حمایت کے خلاف فلسطینی حامی مظاہرین کے ماسک پہننے پر پابندی کا بل منظور کیا ہے جس کا مقصد شناخت کو چھپانا ہو۔

ماسک پر پابندی ہر طرح کے عوامی احتجاج کے لیے ہو گی لیکن ریپبلکن کے زیرِ کنٹرول کاؤنٹی کے قانون ساز کہتے ہیں کہ اس بل کا مقصد ان مظاہرین کو اپنی شناخت چھپانے اور جوابدہی سے بچنے سے روکنا ہے جو مبینہ تشدد اور سام دشمنی میں ملوث ہیں۔ دوسری طرف شہری حقوق کے حامیوں کے نزدیک یہ اقدام آزادئ اظہار کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

بل پیر کو منظور کیا گیا جس کے لیے کاؤنٹی کی مقننہ کے تمام 12 ریپبلکنز نے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ سات ڈیموکریٹس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اس بل میں سرِ عام شناخت چھپانے کے لیے چہرہ ڈھانپنا ایک ایسا جرم قرار دیا گیا ہے جس کی سزا ایک سال تک قید اور 1000 ڈالر جرمانہ ہو سکتی ہے۔ البتہ صحت یا طبی وجوہات کے ساتھ ساتھ "مذہبی اور ثقافتی مقاصد" کے لیے یہ قانون رعایت دیتا ہے۔

ناساؤ کاؤنٹی کے ریپبلکن ایگزیکٹو بروس بلیک مین جن کے اس بل پر دستخط متوقع ہیں، نے اس کے بارے میں کہا، "جب تک کوئی طبی مسئلہ یا مذہبی ضرورت نہ ہو، لوگوں کو اپنا چہرہ اس انداز سے ڈھانپنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جس سے سرِ عام ان کی شناخت چھپ جائے۔"

نیویارک سول لبرٹیز یونین نے کہا ہے کہ یہ بل آزادئ اظہار پر حملہ ہے۔

ناساؤ کاؤنٹی کی نیویارک سول لبرٹیز یونین کی علاقائی ڈائریکٹر سوسن گوٹیرر نے کہا، "ماسک ان لوگوں کی حفاظت کرتے ہیں جو غیر مقبول سیاسی رائے کا اظہار کریں۔ گمنام احتجاج کو غیر قانونی بنا دینے سے سیاسی عمل سرد جبکہ قانون کا اختیاری نفاذ ممکن ہو جاتا ہے۔"

گوٹیرر نے مزید کہا کہ ماسک پر پابندی سے استثنیٰ ناکافی ہے: "ناساؤ کاؤنٹی پولیس کے اہلکار صحت کے پیشہ ور افراد یا مذہبی ماہرین نہیں ہیں جو یہ فیصلہ کرنے کے اہل ہوں کہ کسے ماسک کی ضرورت ہے اور کسے نہیں۔"

اسرائیل کے کلیدی اتحادی امریکہ میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف نیویارک سمیت کئی ریاستوں میں مہینوں سے مظاہرے جاری ہیں۔ یاد رہے کہ اس جنگ میں مقامی وزارتِ صحت کے مطابق تقریباً 40,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بھوک کا بحران پیدا ہوا ہے، تقریباً 2.3 ملین کی پوری آبادی بے گھر ہو گئی ہے اور اس کی وجہ سے اسرائیل پر نسل کشی کے الزامات بھی لگے ہیں جن کی وہ تردید کرتا ہے۔

امریکہ میں جنگ کے دوران اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مظاہروں اور جوابی مظاہروں میں مسلم مخالف واقعات، فلسطین مخالف تعصب اور سام دشمنی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں