ہتھیاروں سے متعلق برطانوی فیصلہ شرمناک، حماس کی حوصلہ افزائی ہوگی : نیتن یاہو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اگرچہ برطانیہ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کے کچھ لائسنس معطل کرنے کے اپنے فیصلے کی وضاحت کی ہے تاہم اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس پر بھی لندن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل یہ جنگ جیت جائے گا چاہے یہ جیت برطانوی ہتھیاروں کے ساتھ ہو یا اس کے بغیر ہو۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے منگل کو ایک بیان میں کہا برطانیہ کے غلط فیصلے سے حماس کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج ایک منصفانہ جنگ لڑ رہی ہے اور شہریوں کو نقصان سے دور رکھنے کے لیے ایسے بے مثال اقدامات کر رہی ہے جو بین الاقوامی قانون کے مطابق ہیں۔

نیتن یاہو نے کہا برطانیہ کا یہ شرمناک فیصلہ حماس کو شکست دینے کے لیے اسرائیل کے عزم کو تبدیل نہیں کرے گا۔ حماس نے سات اکتوبر کو 12 سو کے لگ بھگ افراد کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔ ان افراد میں 14 برطانوی شہری بھی شامل تھے۔ یاد رہے برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے واضح کیا تھا کہ ان کے ملک کی جانب سے ان لائسنسوں کی معطلی سے اسرائیل کے اپنے دفاع کی صلاحیت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور برطانیہ اسرائیل کے دفاع کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

یاد رہے برطانوی دفتر خارجہ نے پیر کو اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمد کے 350 لائسنسوں میں سے 30 لائسنسوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ برطانیہ نے اپنے فیصلے کو اس واضح خطرے کی موجودگی کی وجہ سے درست قرار دیا کہ ان کا استعمال بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں کیا جا سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں