یمن سے میزائل حملہ، وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج گئے: فوج
سائرن بجنے پر رہائشی پناہ گاہوں کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے
اسرائیلی فوج نے اتوار کو کہا کہ یمن سے وسطی اسرائیل پر زمین سے زمین پر مار کرنے والا میزائل داغا گیا جو ایک غیر آباد علاقے پر گرا اور اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چند ہی لمحے قبل تل ابیب اور وسطی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بج گئے جس کے بعد علاقے کے رہائشی پناہ گاہوں کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔
فوج نے کہا، "وسطی اسرائیل میں کچھ دیر پہلے بجنے والے سائرن کے بعد زمین سے زمین پر مار کرنے والے ایک میزائل کی نشاندہی کی گئی جو مشرق سے وسطی اسرائیل میں داخل ہوا اور ایک کھلے علاقے میں گرا۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔"
خطے میں بلند آوازیں بھی سنی گئیں جو فوج کے مطابق میزائل کو روکنے والے دفاعی نظام کی تھیں۔ مزید کہا گیا کہ اسرائیل کے رہائشیوں کے لیے حفاظتی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
جولائی میں یمن میں ایران سے منسلک حوثی باغیوں نے تل ابیب پر ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا ڈرون داغا جس میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے نے اسرائیل کو یمن کی حدیدہ بندرگاہ کے قریب حوثیوں کے فوجی اہداف پر ایک بڑا فضائی حملہ کرنے پر آمادہ کیا جس میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 87 زخمی ہوئے۔