ہمیں ایران کی تیل تنصیبات پر حملہ کردینا چاہیے: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر
ایرانی یاد رکھیں حزب اللہ کے میزائلوں کی قیمت وہ ادا کریں گے: یائر لاپڈ کا نیتن یاہو کے گھرپر حملے پر جواب
ایرانی تردید اور اس بات کی تصدیق کے باوجود کہ تہران نیتن یاہو کے گھر پر حملے کا ذمہ دار نہیں تھا اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے یاہو کے گھر پر حالیہ حملے کے جواب میں ایرانی آئل فیلڈز پر حملہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ یائر لاپڈ نے مزید کہا کہ ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ حزب اللہ کے میزائلوں کی قیمت ادا کریں گے۔
یائر لاپڈ کے بیانات اقوام متحدہ میں ایران کے مشن کی طرف سے ہفتے کی شام کو اس بیان کے باوجود سامنے آئے ہیں کہ یہ ایران نہیں بلکہ حزب اللہ ہی تھی جس نے نیتن یاہو کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ مشن نے تصدیق کی کہ نیتن یاہو کے گھر پر حملے سے تہران کا کوئی تعلق نہیں تھا اور ایران پہلے ہی اسرائیل کو جواب دے چکا ہے۔
اسرائیلی ترجمان نے ہفتہ کو کہا کہ ڈرون کو ایک ایسے گھر کی طرف بھیج دیا گیا جہاں نیتن یاہو چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ نیتن یاہو اس وقت وہاں موجود نہیں تھے۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ عمارت پر حملہ کیا گیا تھا یا نہیں۔ نیتن یاہو نے خود کو اور اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کی کوشش کو ایک "سنگین غلطی" قرار دیا تھا۔
ہفتے کی شام تک حزب اللہ نے آدھی رات سے اب تک اسرائیلی فوجی اہداف پر 20 حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ سب حملے راکٹوں کے ذریعے کیے گئے۔ حزب اللہ نے ابھی تک شمالی اسرائیل میں قیسایریہ میں نیتن یاہو کے گھر پر کسی ڈرون حملے یا کسی اور حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ سرائیلی پولیس نے کہا کہ کچھ میزائلوں کو شمالی اسرائیل میں روک لیا گیا تھا۔